سینٹ کا اجلاس چیئرمین سید یوسف رضاگیلانی کی صدارت میں آج پارلیمنٹ ہائوس اسلام آباد میں ہوا۔
وزیرمنصوبہ بندی احسن اقبال نے قائد حزب اختلاف سید شبلی فراز کے نکتہ اعتراض کے جواب میں کہاکہچین کی جانب سے تین ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پاکستان پہنچ چکی ہے۔
انہوں نے کہاکہ ملک میں ایٹمی بجلی گھر کے سب سے بڑے منصوبے پرکام شروع ہوگیا ہے جس سے حکومت کی اقتصادی پالیسیوں پر عالمی برادری کے بڑھتے ہوئے اعتماد کا اظہارہوتاہے۔
القادرٹرسٹ کے معاملے پر وزیر منصوبہ بندی نے کہاکہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں چونسٹھ ارب روپے قومی خزانے میں جمع کرانے کی بجائے خاموشی سے کسی اور کے اکائونٹ میں جمع کر دیئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ اس بدعنوانی پر ان کا احتساب کیا جائے گا۔
وزیر قانون وانصاف اعظم نذیر تارڑ نے ایک نقطہ اعترا ض کا جواب دیتے ہوئے پی ٹی آئی سے کہا کہ وہ مختلف مقدمات میں زیرحراست اپنے رہنمائوں اور کارکنوں کے ریلیف کے لئے قانونی راستہ اختیارکرے۔
نائب وزیراعظم اسحق ڈار نے شیری رحمان کے ایک توجہ دلائو نوٹس کا جواب دیتے ہوئے کہاکہ حکومت برطانیہ کیلئے پی آئی اے کی پروازیں بحال کرنے کی ہرممکن کوشش کررہی ہے ۔
انہوں نے کہاکہ اس وقت پی آئی اے کے بائیس طیارے استعمال میں ہیں اور قومی پرچم بردار کمپنی کی نجکاری کاعمل جلد ہی دوبارہ شروع کیاجائے گا ۔
ایوان کا اجلاس اب کل دن ساڑھے گیارہ بجے پھر ہوگا ۔