Monday, 16 September 2024, 11:58:30 pm
 
حکومت اصلاحاتی ایجنڈے پر عملدرآمد کیلئے پرعزم ہے، نائب وزیراعظم
September 07, 2024

نائب وزیراعظم اسحق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کوسہولیات کی فراہمی میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔

وہ آج لندن میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔

اسحق ڈار نے کہاکہ انہوں نے برطانیہ کی قیادت کے ساتھ تعمیری ملاقاتیں کی ہیںاور وہ پاکستان کے ساتھ ملکر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ان ملاقاتوں میں پی آئی اے کی پروازوں کی بحالی کے معاملے پر بھی بات کی گئی۔

انہوں نے کہاکہ پی آئی اے کی بین الاقوامی پروازوں کی بحالی تک حکومت عالمی برادری کے ساتھ بات چیت جاری رکھے گی ۔

انہوں نے کہاکہ پی آئی اے کی پروازوں کی بحالی بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا ایک اہم مسئلہ ہے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت قومی ائیرلائن کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے اس کی نجکاری کررہی ہے انہوں نے کہاکہ اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ کو ٹھیکے پر دینے کیلئے حکومت نے بولیاں طلب کی ہیں۔

برطانیہ کی سیاست میں پاکستانی برادری کے کردار کو سراہتے ہوئے اسحق ڈارنے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بھی پاکستان کے پارلیمنٹ میں نمائندگی ملنی چاہئیے اوریہ ہمارا ایجنڈا ہے مگر اس کیلئے آئینی ترمیم کی ضرورت ہے جو دوتہائی اکثریت کے بغیر ممکن نہیں ۔

انہوں نے کہاکہ تمام سیاسی جماعتوں کو اس حوالے سے مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنا ہوگی۔

اسحق ڈار نے کہاکہ حکومت وزیراعظم شہبازشریف کی قیادت میں معیشت ، امن اور توانائی کی صورتحا ل پر بھرپور توجہ دے رہی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم شہبازشریف نے پاکستان کو درپیش تمام مسائل کے حل کیلئے ذاتی طورپر کئی اجلاس منعقد کیے ہیں۔

نائب وزیراعظم نے کہاکہ ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے ڈھانچہ جاتی اصلاحایت نہایت اہمیت رکھتی ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ حکومت اپنے اصلاحاتی ایجنڈے پر عملدرآمد کیلئے پرعزم ہے اور اس سلسلے میں کوئی سیاست نہیں ہونی چاہیے ۔