صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ قانون کی رو ح اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے وژن کے مطابق اقلیتوں کو زندگی کے تمام شعبوں میں تمام ممکنہ سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
آج (پیر )کی سہ پہر اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا تمام پاکستانی قطع نظر اس کے کہ وہ کسی بھی عقیدے یا مذہب سے تعلق رکھتے ہوں وہ ہمارے اہل و عیال کی طرح ہیں۔
صدر نے کہا اقلیتوں کا دن منانے کا مقصد پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں ان کے کردار کو تسلیم کرناہے۔
انہوں نے کہا آئین پاکستان اقلیتو ں کے حقوق کا ضامن ہے جبکہ بدقسمتی سے مودی کے بھارت میں اقلیتیں محفوظ نہیں ہیں۔
اس موقع پر مذہبی امور اور بین المذہب ہم آہنگی کے وزیر چوہدری سالک حسین نے اس موقعے پر تقریر کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں اقلیتوں کو آئین پاکستان کے مطابق مکمل آزادی اور تمام حقوق حاصل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اخوت، مساوات اور انصاف وہ بنیادی اصول ہیں جو کسی قوم کو متحد رکھتے ہیں اور مسائل کا سامنا کرنے کے لئے آج ان اصولوں پر عمل پیرا ہونے کی اشد ضرورت ہے۔
مختلف مذاہب کے نمائندوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملک میں اقلیتوں کے تحفظ اور سلامتی کے لئے حکومت کی کوششوں اور اقدامات کی تعریف کی۔