Thursday, 19 September 2024, 06:03:13 am
 
بھارتی حکومت مقبوضہ جموں و کشمیر کی مسلم شناخت پر منظم انداز میں حملے کررہی ہے، حریت کانفرنس
September 15, 2024

کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ نریندر مودی کی زیرقیادت بھارت کی فسطائی ہندوتوا حکومت غیرقانونی طور پر بھارت کے زیرقبضہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی مسلم شناخت پر منظم انداز میں حملے کررہی ہے۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ حکمران جماعت بی جے پی مسلمانوں کو بے اختیار کرنے، ان کی مذہبی اور ثقافتی شناخت کو مٹانے اور مقبوضہ علاقے میں ہندوتوا نظریہ مسلط کرنے پرکام کر رہی ہے۔

انہوں نے مودی حکومت کی طرف سے کئے گئے کئی اقدامات اور پالیسیوں کا حوالہ دیاجو جموں و کشمیر کی اسلامی تہذیب کو مٹانے کے لیے تشکیل دی گئی ہیں۔

ان میں ثقافتی پروگراموں اور پالیسیوں کے ذریعے ہندوتوا کا فروغ، مذہبی مقامات پر قبضہ اور روزمرہ کی زندگی میں ہندو علامتوں اور روایات کا زبردستی استعمال شامل ہے۔

ترجمان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں ثقافتی اور مذہبی جبر کی پالیسیوں کو روکنے کے لیے بھارتی حکومت پر دباؤ ڈالے۔

دریں اثناء قابض بھارتی حکام نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق کو سرینگر میں اجتماعی شادی کی ایک تقریب میں شرکت سے روک دیا جہاں 60یتیم لڑکیوں کا نکاح پڑھایا گیا۔ میرواعظ نے تقریب سے آن لائن خطاب کیا۔

ادھربھارتی فوجیوں اور پیراملٹری فورسزنے کشتواڑ، پونچھ اور راجوری سمیت مقبوضہ جموں و کشمیر کے مختلف اضلاع میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں جاری رکھیں۔

معروف برطانوی اخبار’’ دی گارڈین‘‘ کی تازہ رپورٹ میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں بڑھتے ہوئے تشدد کو بے نقاب کرتے ہوئے علاقے میں امن کی بحالی کے بھارتی حکومت کے دعوئوں کی نفی کی گئی ہے۔