Thursday, 19 September 2024, 08:53:32 pm
 
مقبوضہ کشمیر میں لوگوں نے عید میلاد النبیۖ مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا
September 17, 2024

غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں لوگوں نے عید میلاد النبیۖ کی تاریخ پر ابہام پیدا کرنے کی بھارت کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے پاکستان کے ساتھ مل کر آج یہ دن مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منایا۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی حکومت نے نبی اکرم ۖ کے یوم ولادت پر تعطیل کے حوالے سے جان بوجھ کر واضح احکامات جاری نہیں کئے جس سے سرکاری ملازمین اورا سکولوں میں غیر یقینی کی صورتحال پیدا ہو گئی۔

تاہم کشمیریوں نے نام نہاد تقسیم پیدا کرنے کی بھارتی حکومت کی کوشش کو مسترد کرتے ہوئے بھرپور اتحاد کامظاہرہ کیا اور اپنے عقیدے اورروایات کے مطابق پاکستان کے ساتھ عید میلاد النبی ۖمنائی۔

بھارتی قابض حکام نے اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے سے قبل مقبوضہ جموں و کشمیر میں سکیورٹی کے نام پر پابندیاں مزید سخت کر دی ہیں۔

پولنگ اسٹیشنوں اور بوتھس کو محفوظ بنانے کیلئے بڑی تعداد میں سینٹرل آرمڈ پیرا ملٹری فورسز اور بھارتی پولیس کو تعینات کیا گیا ہے۔

بی بی سی کی ایک تازہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مودی کی بھارتیہ جنتا پارٹی کو اپنی پالیسیوں کی وجہ سے جموں اور کشمیر دونوں میں شدیدپریشانی کا سامناہے۔

2019ء میں کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کئے جانے کے بعد ہونے والے پہلے انتخابات میں تاریخی بائیکاٹ سے لے کر بی جے پی کی پالیسیوں کو چیلنج کرنے کی صورت میں تبدیلی دیکھی جا رہی ہے۔

بی بی سی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کسی کوبھی بی جے پی کی کامیابی کی امید نہیں ، کیونکہ وادی میں اس کی پوزیشن انتہائی کمزورہے۔