Thursday, 19 September 2024, 06:08:19 am
 
بھارت کی مقبوضہ جموں و کشمیر میں بڑے پیمانے پرتلاشی کی کارروائیاں
September 16, 2024

فائل فوٹو

بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیرپر اپنے جابرانہ قبضے کو برقرار رکھنے کے لئے مقبوضہ علاقے میں بڑے پیمانے پر محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں شروع کر دی ہیں جس سے اقوام متحدہ کے تسلیم شدہ متنازعہ علاقے میں خوف و دہشت کاماحول اور غیر یقینی صورتحال پیداہو گئی ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ان کارروائیوں سے مقامی لوگوں، انسانی حقوق کے کارکنوں اور عالمی برادری میں بڑے پیمانے پر تشویش پیدا ہوئی ہے۔ وادی کشمیر سے لے کر جموں خطے کے دوردراز علاقوں تک جاری پکڑدھکڑ کے دوران بہت سے بے گناہ شہریوں کو گرفتارکیاگیا جبکہ متعدد افراد کو پولیس اسٹیشنوں میں طلب کیا جارہا ہے۔ انسانی حقوق کے کارکنوں نے بھارتی حکام کے اقدامات کو کشمیری عوام کو ڈرانے دھمکانے اور خاموش کرانے کی کوشش قرار دیا ہے تاکہ نام نہاد اسمبلی انتخابات سے قبل حق خودارادیت کیلئے ان کے عزم کو توڑا جائے ۔ تیں مرحلوں پر مشتمل انتخابات کا پہلا مرحلہ 18ستمبر کو ہوگا۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاہے کہ بھارتی مظالم کشمیریوں کو اپنے مقصدسے دستبردارہونے پر مجبورنہیں کرسکتے اور وہ حق خود ارادیت کے حصول کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے جعلی مقابلوں میں کشمیری نوجوانوں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے ان واقعات کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔کل جماعتی حریت کانفرنس نے مختلف جیلوں میںنظر بند حریت رہنمائوں اور کارکنوں کی رہائی کا بھی مطالبہ کیاہے۔