Saturday, 27 July 2024, 05:59:59 am
پاکستانی سفیرکا کرغیزحکومت پرپاکستانی شہریوں کوتحفظ دینے پرزور
May 18, 2024

کرغزستان میں پاکستان کے سفیر حسن علی ضیغم نے آج بشکک میں کرغزستان کے نائب وزیر خارجہ ایمان غازیوف الماز سے ملاقات کی۔

انہوں نے شہر میں گزشتہ رات کے تشدد کے حوالے سے پاکستانی شہریوں خصوصاً بڑی تعداد میں متاثرہ پاکستانی طلبہ اور اُن کے خاندانوں کے شدید خدشات کا اظہار کیا۔

انہوں نے کرغز حکومت پر زور دیا کہ پاکستانی شہریوں کے تحفظ کو ترجیح دی جائے۔

نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کی ہدایت پر پاکستان کے سفیر نے بشکک میں پُرتشدد واقعات کے تناظر میں کرغزستان کے نائب وزیر خارجہ سے ملاقات کی۔

کرغزستان کے نائب وزیر خارجہ نے بتایا کہ حکام نے صورتحال پر پابو پا لیا ہے جو اب معمول پر آ چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کرغز پولیس تمام ہاسٹلز کو سیکیورٹی فراہم کر رہی ہے اور کرغزستان کے صدر معاملے کی براہِ راست نگرانی کر رہے ہیں۔

کرغزستان کے نائب وزیر خارجہ نے پاکستان کے سفیر کو یقین دلایا کہ کرغزستان کی حکومت کل کے حملے کے ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کرے گی۔

انہوں نے بتایا کہ کچھ پاکستانیوں سمیت 14 غیر ملکیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ہسپتال سے فارغ کر دیا گیا جبکہ کچھ پاکستانی ابھی بھی زیر علاج ہیں۔