Saturday, 27 July 2024, 04:23:25 am
پاکستان اور آذربائیجان مختلف شعبوں میں اپنے تعلقات مزید بڑھائیں گے، جمال شاہ
September 18, 2023

 پاکستان میں جمہوریہ آذربائیجان کے سفیر خضرفریادوف نے نگران وزیر قومی ورثہ وثقافت جمال شاہ سے آج(پیر) کو اسلام آباد میں ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور بالخصوص دونوں ملکوں کے ثقافتی تعلقات کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے مضبوط تعلقات کی مشترکہ مذہب کی بنیادوں پر استوار ہیں۔

جمال شاہ نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان فن وثقافت، فلم اور دوسرے شعبوں میں اپنے تعلقات مزید بڑھائیںگے۔

انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری ثقافتی کاروان کے دوسرے مرحلے میں آذربائیجان کو شامل کرنے کیلئے خصوصی دعوت دی جائیگی۔

آذربائیجان کے سفیر نے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ گہرے تاریخی اور مذہبی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ باکو میں چودھویں صدر کا ثقافتی کاروان سرائے ہمارے تاریخی تعلقات کی واضح مثال ہے۔

انہوں نے دونوں دوست ممالک کے درمیان ثقافتی ورثے کے شعبے میں تعاون کو سراہا اور متعلقہ شعبوں میں مشترکہ منصوبے شروع کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔