وزیراطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہاہے کہ حزب اختلاف کی کوئی جمہوری ساکھ نہیں ہے اور وہ صرف ڈیل کی تلاش میں ہے ۔ پیر کی شام اسلام آباد میں خطاطی کی ایک نمائش کے افتتاح کے بعد ذرائع ابلاغ کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حزب اختلاف کی کوئی سیاسی، انتظامی یا اقتصادی پالیسی نہیں ہے اور وہ احتجاج کیلئے محض ایک بہانہ ڈھونڈ رہی ہے۔وزیراطلاعات نے کہاکہ حزب اختلاف کے پاس مہنگائی یا پاکستان کو درپیش مسائل سے نمٹنے کیلئے کوئی حل ہے تو اسے پیش کرناچاہیے ۔چوہدری فواد حسین نے کہاکہ آج آٹے کی قیمت میں کمی کی گئی جبکہ گنے کی شاندار فصل کی وجہ سے چینی کی قیمت میں بھی کمی متوقع ہے ۔انہوں نے کہاکہ حکومت گھی ، گندم، بجلی اور دیگر اشیائے ضروریہ پر اعانت فراہم کررہی ہے لیکن یہ بات مدنظر رکھی جانی چاہئیے کہ پورا ملک سبسڈی پرنہیں چل سکتا۔انہوں نے سوال کیاکہ ایک ایسا ملک جسے غیرملکی قرضے دینے ہوں کیا وہ تمام اشیاء پر اعانت دے سکتا ہے۔