قومی غذائی تحفظ اور تحقیق کے وزیر رانا تنویر حسین کے زیر صدارت ایک اعلی سطح کے اجلاس کو بتایا گیا کہ نیشنل سیڈ پالیسی کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں نیشنل سیڈ ڈویلپمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی کے انتطامی ڈھانچے وژن اور تذویراتی اہداف پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں پاکستان کے بیج کے شعبے کی ترقی کیلئے ادارے کی مکمل فعالیت کے قیام پر توجہ دی گئی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رانا تنویر حسین نے غذائی تحفظ یقینی بنانے اور زرعی پیداوار میں اضافے کیلئے معیاری بیجوں کے اہم کردار کو اجاگر کیا۔
انہوں نے خود کفالت کے حصول اور برآمدات کے فروغ کیلئے جدید اور برآمدی معیار کے بیجوں کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔