Monday, 06 May 2024, 05:24:28 am
پاکستان،ایران کا دوطرفہ تجارت کو10 ارب ڈالر تک لے جانے کا عزم
April 24, 2024

پاکستان اور ایران نے اگلے پانچ برسوں میں دوطرفہ تجارت کو دس ارب ڈ الر تک لے جانے اور آزاد تجارتی معاہدے کو حتمی شکل دینے کا کام تیز کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

یہ بات ایرانی صدر سید ابراہیم رئیسی کے پاکستان کے دورے کے اختتام پر جاری مشترکہ بیان میں کہی گئی ہے۔

فریقین نے مشترکہ سرحدی منڈیوں ، آزاد اقتصادی زونز اور نئے سرحدی راستوں کے قیام پر بھی اتفاق کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف اور ایران کے صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کے درمیان اعلیٰ سطح کے وفود کی موجودگی میں اعلیٰ سطح کے مذاکرات میں دوطرفہ تعلقات اور تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔مشترکہ سرحد کو امن کی سرحد سے خوشحالی کی سرحد میں تبدیل کرنے پراتفاق کرتے ہوئے دونوں ملکوں نے بجلی، بجلی کی ترسیلی لائنوں اور ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے میں تجارت سمیت توانائی کے شعبے میں تعاون کی اہمیت کا اعادہ کیا۔فریقین نے طویل مدتی پائیدار اقتصادی شراکت داری، اجتماعی علاقائی معاشی اور انہیں باہم منسلک کرنے کے ماڈل خصوصاً ایران میں سیستان بلوچستان اور پاکستان کے بلوچستان صوبوں کی سماجی و اقتصادی ترقی کی ضرورت پرزور دیا۔فریقین نے پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوئوںکا جائزہ لیا، باہمی دلچسپی کے علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا اور کئی معاہدوں پر دستخط کیے۔دونوں رہنمائوں نے معمول کے تعاون کو بڑھانے، دونوں ملکوں کے سیاسی، عسکری اور سیکورٹی حکام کے درمیان تبادلہ خیالات کی اہمیت کا اعادہ کیا تاکہ دہشت گردی،منشیات کی سمگلنگ، انسانی سمگلنگ، مغوی بنانا، منی لانڈرنگ اور اغوا جیسے خطرات سے نمٹا جاسکے۔