Saturday, 18 May 2024, 10:19:52 pm
اسحاق ڈار کافلسطین کی اقوام متحدہ میں مکمل رکنیت کیلئے پاکستان کی حمایت کااظہار
May 05, 2024

پاکستان نے غزہ اور مغربی کنارے میں فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیلی فوج کی جاری ظالمانہ کارورائیوں پرگہری تشویش کااظہارکیا ہے ۔

اس تشویش کا اظہار نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ محمد اسحاق ڈار نے آج(اتوار) گیمبیا میں او آئی سی کی پندرہویں اسلامی سربراہ کانفرنس سے اپنے خطاب میں کیا ۔

فلسطینیوں کی نسل کشی اور اسرائیلی افواج کے مظالم کے تناظر میں اسحق ڈار نے او آئی سی کے رکن ممالک پرزوردیا کہ وہ فوری اور غیرمشروط جنگ بندی اور محصور فلسطینی عوام کو بلاتعطل انسانی امداد کی فراہمی کیلئے مل کر کام کریں۔

انہوں نے فلسطین کو اقوام متحدہ کے مکمل رکن کے طورپر تسلیم کرنے ، دو ریاستی حل تسلیم کرنے کیلئے امن عمل کی دوبارہ بحالی اور 1967 سے پہلے کی سرحدوں کی بنیاد پر ایک ایسی آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کیلئے پاکستان کی حمایت کا اظہارکیا جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو ۔

نائب وزیراعظم نے بھارت کے غیرقانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی مظالم خصوصاً پانچ اگست 2019ء کے غیرقانونی اور یکطرفہ اقدامات کا حوالہ دیتے ہوئے او آئی سی پرزوردیا کہ وہ جموں وکشمیر پرلائحہ عمل کو بروئے کار لائے۔

انہوں نے اسلامی تعاون تنظیم پرزوردیا کہ وہ مقبوضہ خطے میں انسانی حقوق کی تمام خلا ف ورزیوں کے خاتمے ، حریت رہنمائوں کی رہائی اور غیرقانونی اوریکطرفہ اقدامات منسوخ کرنے کیلئے بھارت پر دبائو ڈالے۔