وزیرمنصوبہ بندی احسن اقبال نے گوادر کے گرد معاشی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے قائم ہونے والے نظام کار میں خاص طورسے ماہی گیری کے شعبے میں مقامی آبادی کو شریک کرنے کی اہمیت پرزوردیا ہے ۔
انہوں نے جمعرات کے روز اسلام آباد میں گوادر کی بندرگاہ کو فعال کرنے کے بارے میں وزیراعظم کمیٹی کے اعلی سطح کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہاکہ ماہی گیری کے شعبے کو اڑان پاکستان فروغ برآمدات حکمت عملی جیسے قومی پروگراموں سے مربوط کیاجاناچاہیے ۔
وزیر منصوبہ بندی نے مربوط حکمت عملی اختیار کرنے کی ضرورت پر زوردیا ہے جس میں سڑک ، ریل اور بندرگاہوں کے رابطے شامل ہیں تاکہ خطے سے تجارتی اور اقتصادی تعلقات کے فروغ میں مدد مل سکے۔
انہوں نے بنیادی ڈھانچے کے کلیدی منصوبوں بالخصوص این 85- اور کوسٹل ہائی وے کے منصوبوں کی جلد تکمیل پرزوردیا تاکہ سامان کی نقل وحمل میں مدد اور بندرگاہ تک رسائی کو بہتر کیاجاسکے۔
انہوں نے گوادر میں سیف سٹی پروجیکٹ پر پیشرفت کا جائزہ بھی لیا اور وزارت داخلہ اوربلوچستان حکومت کو بروقت تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی ۔
احسن اقبال نے ساحلی تفریحی مقامات سمیت گوادر میں سیاحتی انفراسٹرکچر کی ترقی کی حوصلہ افزائی بھی کی اور بین الاقوامی ہا سپیٹیلیٹی برانڈز کو علاقے میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی۔