امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ اردو ادب ہمارا قومی اثاثہ ہے اور آنے والی نسلوں کو اردو ادب اور ملکی ثقافتی ورثے سے روشناس کرانا ہمارا قومی فریضہ ہے۔
سفیرپاکستان امریکی ریاست ورجینیا کے علاقے ووڈ بریج میں عظیم شاعراسد اللہ خان غالب کی لازوال شاعری کے حوالے سے تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
سفیر پاکستان نے اپنے خطاب کے دوران امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو ثقافتی ورثے کے فروغ سے متعلق تقریبات کیلئے سفارت خانے کے وسائل کو بروئے کار لانے کی پیشکش کی۔
سفیر پاکستان نے کہا کہ اسد اللہ غالب کی شاعری کی آفاقیت کو تسلیم کرتے ہوئے ہم پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ہم اس نایاب ورثے کی نہ صرف حفاظت کریں بلکہ اس کی ترویج اور آئندہ نسلوں تک منتقلی کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔
جدید دور میں ہونے والی ترقی کا حوالہ دیتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا کہ زبان اور ثقافتی ورثے کے تحفظ و ترویج کے لئے ٹیکنالوجی کو بروئے کار لایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ اردو ہماری پہچان ہے اور زبان کی ترویج و ترقی سے پاکستانیت کو تقویت ملے گی۔
رضوان سعید شیخ نے کہا کہ عالمی برادری کو پاکستانی ثقافتی ورثے سے روشناس کرانا عوامی سفارت کاری کی ایک اہم جہت ہے اور اس ضمن میں ہر ممکن کوشش جاری رکھی جائے گی۔
سفیر پاکستان نے کہا کہ پاکستانی فنون اورادب کے فروغ کے حوالے سے گزشتہ دنوں سفارت خانے میں اسلامی خطاطی کی باقاعدہ نمائش کا اہتمام کیا تھا۔
تقریب میں سفیرپاکستان نے مختلف شخصیات کو ان کی سماجی و پیشہ ورانہ خدمات کے اعتراف میں اعزازات سے بھی نوازا۔