Thursday, 19 December 2024, 08:49:27 am
 
کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ کیلئے نادرا میں نئی پالیسی متعارف کرائی جا رہی ہے:شیخ رشید
July 26, 2021

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ کیلئے نادرا میں تصدیق، تجدید اور تصحیح کی نئی پالیسی متعارف کرائی جا رہی ہے۔آج اسلام آباد میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جعلی شناختی کارڈ کے اجراء میں ملوث ہونے پر کراچی میں نادرا کے 39 افسران کیخلاف کارروائی کی گئی ہے، انہوں نے کہا کہ دوسرے شہروں میں بھی اسی طرح کی کارروائی شروع کی جائے گی۔وزیر داخلہ نے کہا کہ بھارت اور اسرائیل نے پاکستان کیخلاف ہائبرڈ جنگ شروع کی ہے اور وہ نادرا کے ڈیٹا کو سوالیہ نشانہ بنانا چاہتے ہیں۔شیخ رشید نے کہا کہ انہوں نے نئے چیئرمین نادرا کو کہا ہے کہ نئی پالیسی چودہ روز میں جاری کریں۔وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان میں گزشتہ کئی برسوں سے ہزاروں غیر ملکی ویزہ کی تجدید کے بغیر مقیم ہیں، انہوں نے ان غیر ملکیوں سے کہا کہ چودہ اگست سے پہلے پاکستان سے چلے جائیں یا آن لائن درخواست کے ذریعے اپنے ویزوں کی تجدید کرائیں، انہوں نے کہا کہ اگر وہ ویزہ کی تجدید کیلئے درخواست دیتے ہیں تو انہیں جرمانہ نہیں کیا جائے گا۔