Saturday, 27 April 2024, 10:46:12 am
حکومت آئی ٹی برآمدات میں اضافے کیلئے اقدامات کررہی ہے،شزہ فاطمہ خواجہ
March 29, 2024

انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی مواصلات کی وزیر مملکت شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ حکومت براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کی ترغیب اور آئی ٹی برآمدات میں اضافے کے لئے بھرپور اقدامات کررہی ہے۔انہوں نے یہ بات پاکستان سوفٹ وئیر ہاؤسز ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد زوہیب خان کی زیر قیادت اعلیٰ سطح کے ایک وفد سے اسلام آباد میں ملاقات کے دوران کہی۔ملاقات کے دوران انہوں نے آئی ٹی کی صنعت کے اہم کردار خصوصا نوجوانوں کو بین الاقوامی سطح کی تربیت مہیا کرنے اور ان کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کو سراہا۔وزیر مملکت نے کہا کہ پاکستان کے آئی ٹی ماہرین بین الاقوامی کمپنیوں کے لئے بہتر انتخاب ہوسکتے ہیں۔انہوں نے سوفٹ وئیر ہاؤسز ایسوسی ایشن پر زور دیا کہ وہ آئی ٹی ماہرین کی طلب اور رسد کے درمیان فرق دور کرنے کے لئے اپنا معاون کردار ادا کرے۔پاکستان سوفٹ وئیر ہاؤسز ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد زوہیب خان نے ملک کے معاشی استحکام کے لئے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ساتھ مل کر کام کرنے کا عزم دہرایا۔