Friday, 21 June 2024, 12:51:07 am
صدر،وزیراعظم کی اردگان کوترکیہ کادوبارہ صدرمنتخب ہونے پرمبارکباد
May 29, 2023

صدر ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ترکیہ کے صدر طیب اردگان کو دوبارہ صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔

آج ایک ٹویٹ میں صدر عارف علوی نے کہا کہ ان کی فتح عوام کے اُن پر اعتماد کا مظہر ہے۔

صدر نے کہا کہ ترکیہ ہمارا قریبی دوست ملک ہے جس کے ساتھ ہمارے صدیوں پرانے برادرانہ تعلقات ہیں۔

صدر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ نے ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔

انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات صدر رجب طیب اردگان کی فعال قیادت میں مزید ترقی کریں گے۔

صدر نے کہا کہ پاکستان باہمی مفاد کے تمام شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کیلئے ترکیہ کے صدر کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہش مند ہے۔

ایک ٹویٹ میں وزیراعظم نے صدر رجب طیب اردگان کو جمہوریہ ترکیہ کا دوبارہ صدر منتخب ہونے کی ان کی تاریخی کامیابی پر دلی مبارکباد دی ۔

وزیراعظم نے کہا کہ وہ دنیا کے ان چند رہنمائوں میں سے ایک ہیں جن کی سیاست عوامی خدمت کے جذبے سے عبارت رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ طیب اردگان مظلوم مسلمانوں کے لئے استقامت کی علامت اور ان کے ناقابل تنسیخ حقوق کے حصول کیلئے ایک بلند آواز ہیں۔