Tuesday, 30 April 2024, 03:08:44 am
وزیراعظم کا پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری کے پہلے مرحلے کو تیز کرنے پر زور
April 16, 2024

وزیراعظم شہبازشریف نے پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری کے پہلے مرحلے کو تیز کرنے کے لئے پاکستان اور سعودی عرب کو مل جل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

منگل کے روز اسلام آباد میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود کی قیادت میں آئے ہوئے اعلیٰ سطحی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ برادرانہ ٗ معاشی اور تعزیراتی تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ملک ہر آزمائش میں ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔

رواں ماہ کے شروع میں مکہ میں ولی عہد محمد بن سلمان کے ساتھ نتیجہ خیز ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ان کے دورے کے فوری بعد سعودی وزیر خارجہ کی قیادت میں آئے وفد کا دورہ دوطرفہ تعلقات کو مستحکم کرنے کے حوالے سے دونوں ملکوں کے پختہ عزم کا عکاس ہے اور یہ باہمی طورپر فائدہ مند معاشی تعاون پر مبنی ہے۔وزیراعظم نے وفد کو خصوصی سرمایہ کاری کی سہولت کونسل اور اس کے مقاصد کے متعلق آگاہ کیا تاکہ پاکستان میں سرمایہ کاری کو فروغ دیا جاسکے۔انہوں نے ایس آئی ایف سی کے ذریعے ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کے کلیدی کردار اور تمام اداروں کے اہم تعاون کو بھی اجاگر کیا۔