Monday, 29 April 2024, 10:59:22 pm
پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے کے روشن مواقع ہیں،سعودی وزیر خارجہ
April 16, 2024

  سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب خطے اور دنیا بھر کی معاشی خوشحالی اور سلامتی کیلئے مل کر کام کرتے رہیں گے۔

انہوں نے وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے ساتھ منگل کی شام اسلام آباد میں ایک مشترکہ اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب خصوصاًاقتصادی شعبے میں پاکستان کی صلاحیتوں اور مواقع پر کامل یقین رکھتا ہے۔

سعودی وزیر خارجہ نے پاکستان کے اپنے دورے کو نہایت مثبت اور تعمیری قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان کے نمائندوں سے میرے وفد کے مذاکرات کے نتیجے میں ایک نمایاں اور اہم کام کا دائرئہ کار متعین ہو گیا ہے جو آئندہ چند ماہ میں انجام پائے گا۔انہوں نے کہا کہ ان کے دورے سے آئندہ مہینوں میں پاکستان اور سعودی عرب کو ٹھوس فوائد حاصل ہونگے۔

انہوں نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی مثبت سوچ کی تعریف کی۔

اپنے کلمات میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے میں گہری دلچسپی کو بہت سراہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس دورے نے سعودی وفد کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت مرکز کا پہلا تجربہ فراہم کیا جو براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی سہولت کیلئے ایک چھت تلے تمام سہولت کی فراہمی کے طور پر کام کرتا ہے۔وزیر خارجہ نے سعودی سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کیلئے مکمل تعاون متعلقہ تحفظ اور سازگار ماحول کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کیا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کا مقصد سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو قابل عمل، تذویراتی اور اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنا ہے۔

غزہ کی صورتحال سے متعلق ایک سوال کے جواب میں سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ غزہ میں انسانی امداد کے داخلے پر پابندی کا کوئی جواز نہیں ہے۔سعودی عرب کے وزیر خارجہ نے سعودی عرب کی ترقی میں وہاں مقیم پاکستانیوں کی خدمات کو سراہا۔وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے میں سعودی عرب کی گہری دلچسپی کو پاکستان بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس دورے سے سعودی وفد کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے بارے میں براہ راست معلومات حاصل کرنے کا موقع ملا ہے جو غیرملکی براہ راست سرمایہ کاری کے فروغ اور سہولت کی فراہمی کیلئے تیزرفتار فیصلہ سازی کی غرض سے تمام سہولیات کی ایک ہی جگہ پر فراہمی کا ذریعہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے سرمایہ کاری کا عمل مستحکم بنانے، قواعد و ضوابط کا معیار بلند کرنے اور بنیادی سہولیات کی فراہمی میں اضافے کا تہیہ کر رکھا ہے تاکہ ترقی کرتے ہوئے اقتصادی ماحول کو فروغ دیا جائے اور پاکستان کو سعودی عرب اور دوسرے دوست ممالک کی جانب سے سرمایہ کاری کا مرکزبنایا جائے۔وزیر خارجہ نے یہ عزم دہرایا کہ سعودی سرمایہ کاروں کو پوری مدد دی جائے گی۔ متعلقہ حفاظتی انتظامات ہونگے اور سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول فراہم کیا جائے گا۔اسحاق ڈار نے کہا کہ ان تعلقات کو قابل عمل، سٹریٹجک اور اقتصادی اشتراک عمل کی شکل دینا چاہتے ہیں۔غزہ کی صورتحال پر ایک سوال کے جواب میں سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ وہاں کی صورتحال ناقابل قبول ہے۔انہوں نے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں انسانی ہمدردی کے تحت امداد کے پہنچنے پر پابندی عائد کرنا بلاجواز ہے۔