قطر نے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور علاقائی سلامتی اور استحکام کے لیے سفارتی مذاکرات کو فروغ دینے کی کوششوں کی حمایت میں پاکستان کے مرکزی کردار کی تعریف کی ہے۔
ان خیالات کا اظہار قطر کے امیر Sheikh Tamim bin Hamad Al Thani نے آج دوحہ میں وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کے دوران کیا۔
دونوں رہنماؤں نے تازہ ترین علاقائی اور بین الاقوامی ، بالخصوص مشرق وسطی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم نے قطر اور دیگر خلیجی ممالک کے خلاف حملوں کی مذمت کی اور قطر کی قیادت اور عوام کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی اور حمایت کا اعادہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے کشیدگی میں کمی کی کوششوں کی حمایت اور خطے کی سلامتی اور استحکام ، بالخصوص توانائی کی مسلسل فراہمی کا عمل یقینی بنانے کے لیے بین الاقوامی رابطوں میں اضافے کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان بالخصوص سکیورٹی، دفاع اور توانائی کے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے طریقوں کا بھی جائزہ لیا جس سے شراکت داری کو تقویت ملے اور دو طرفہ تعاون کی نئی راہیں کھلیں۔
قطر کے امیر اور وزیر اعظم پاکستان نے معاونین کے بغیر بھی ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
انہوں نے بالخصوص جاری واقعات اور علاقائی سلامتی اور استحکام پر ان کے اثرات کے تناظر میں دونوں ممالک کے درمیان مسلسل ہم آہنگی اور مشاورت کی اہمیت پر زور دیا۔
ملاقات کے بعد قطر کے امیر نے وزیراعظم اور ان کے وفد کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔