Saturday, 18 April 2026, 04:49:02 am
 
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا علاقائی تعاون کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ
April 17, 2026

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے علاقائی تعاون کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

انہوں نے واشنگٹن میں چین کے اپنے ہم منصب لین فوآن سے ملاقات کے دوران شنگھائی تعاون تنظیم کے ترقیاتی بینک کے قیام کے لیے پاکستان کی مکمل اور غیر مشروط حمایت سے آگاہ کیا۔

محمداورنگزیب نے چین کے وزیر خزانہ کی جانب سے خطے میں مذاکرات اور استحکام کے فروغ میں پاکستان کے فعال کردار کے اعتراف کو سراہا۔

وزیر خزانہ نے پیپلز بینک آف چائنا کے گورنر ڈاکٹر پین گونگ شینگ سے ملاقات میں مالیاتی تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔

دریں اثنا وزیر خزانہ نے اوپیک فنڈ برائے بین الاقوامی ترقی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر عبدالحمید الخلیفہ سے گفتگو میں او پیک فنڈ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کے نجی شعبے کے ساتھ اپنے روابط کو مزید فروغ دے۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے واشنگٹن ڈی سی میں موڈیز کے نمائندوں کے ساتھ بھی اہم ملاقات کی۔

انہوں نے موڈیز کو پاکستان کی بیرونی مالی صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ملک نے یورو بانڈ کی ادائیگی کامیابی سے مکمل کر لی ہے اور تمام قرض دہندگان کی ذمہ داریاں بروقت پوری کی جا رہی ہیں۔