پاک بحریہ نے اپنی جنگی تیاریوں اور سمندر میں ہدف کو درست نشانہ بنانے کی صلاحیت کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے مقامی طور پر تیار کردہ اینٹی شپ بیلسٹک میزائل کی لائیو فائرنگ کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ پاک بحریہ کے جہاز سے فائر کئے گئے برق رفتار میزائل نے طویل فاصلے پر موجود ہدف کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنایا۔
پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے سرکردہ سائنسدانوں اور انجینئرز کے ہمراہ میزائل فائرنگ کا مشاہدہ کیا۔
یہ میزائل خطے میں بحری سلامتی، استحکام اور روایتی ہتھیاروں کی ڈومین میں ناقابلِ تسخیر دفاع کو یقینی بنانے کے پاک بحریہ کے پختہ عزم کا مظہر ہے۔
صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر اور سروسز چیفس نے یہ اہم سنگ میل حاصل کرنے پر یونٹس اور سائنسدانوں کو مبارکباد دی۔