Thursday, 02 May 2024, 03:41:25 am
وزیراعظم نے سعودی وفد کے دورے کو نئے دور کا آغاز قرار دیا
April 18, 2024

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ حکومت قومی ترقی اور خوشحالی کے ہدف کے حصول کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے۔

وہ جمعرات کے روز اسلام آباد میں سعودی وفد کے دورے کے بعد پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاک سعودی سرمایہ کاری اور تجارتی تعلقات کے نئے دور کا آغاز ان کی خصوصی توجہ کی بدولت ممکن ہوا۔

شہبازشریف نے سعودی وفد کے حالیہ دورے کو پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری اور تجارتی اور تذویراتی شراکت داری کے نئے دور کا آغاز قرار دیا۔

انہوں نے سعودی وفد کے دورے کو دونوں ممالک کے لئے فائدہ مند شراکت داری میں تبدیل کرنے کیلئے وفاقی وزراء، خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل اور متعلقہ حکام کی کوششوں کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی معروف کاروباری شخصیات کی جلد پاکستان آمد متوقع ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس کے موقع پر سعودی عرب کے آئندہ دورے کے دوران سرمایہ کاری کے مزید مواقع کو حتمی شکل دی جائے گی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ بات چیت میں کان کنی، معدنیات، زراعت، توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ڈھانچہ جاتی ترقی سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔