Friday, 03 May 2024, 04:05:25 am
پاکستان کا فلسطین کی اقوام متحدہ کی مکمل رکنیت پراتفاق رائے نہ ہونے پر عالمی ادارے کی سلامتی کونسل پرمایوسی کااظہار
April 19, 2024

پاکستان نے فلسطین کی اقوام متحدہ کی مکمل رکنیت پراتفاق رائے نہ ہونے پر عالمی ادارے کی سلامتی کونسل پرمایوسی کااظہارکیا ہے۔

دفترخارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے آج(جمعہ) کو اسلام آباد میں اپنی ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں کہاکہ پاکستان کو اقوام متحدہ میں فلسطین کی مکمل رکنیت کے حوالے سے قرارداد کو ویٹو کرنے کے امریکی فیصلے پر افسوس ہے ۔

انہوں نے کہاکہ فلسطینی عوام کو انیس سو سڑسٹھ سے پہلے والی سرحدوں کے مطابق ایک خودمختار فلسطین میں رہنے کا وراثتی حق ہے جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گیمبیا میں اسلامی تعاون تنظیم کے آئندہ سربراہ اجلاس میں فلسطین اورجموں وکشمیر کے مسائل کے حل اوراسلام کے خلاف پراپیگنڈے کی روک تھام سمیت کئی تجاویز زیرغور آئیںگی۔

ترجمان نے کہاکہ سعودی عرب کے اعلی سطح کے وفد کے حالیہ دورہ پاکستان میں وزیرخارجہ اسحق ڈار اوران کے سعودی ہم منصب فیصل بن فرحان السعود نے غزہ میںکشیدگی کے خاتمے، فوری جنگ بندی اور علاقے کا محاصرہ ختم کرنے پر بھی زوردیا ۔

ذرائع ابلاغ کو گزشتہ ہفتے کی سفارتی ملاقاتوں سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سعودی وفد کا دورہ انتہائی مثبت اور تعمیری تھا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے سعودی سرمایہ کاری کیلئے کئی منصوبوں پر بات چیت کی اور امید ظاہر کی کہ فریقین منصوبوں کو حتمی شکل دینے کیلئے اپنی بات چیت جلد مکمل کرینگے۔ایک سوال کے جواب میں ترجمان نے کہاکہ کشمیر کے بارے میں بھارتی وزارت خارجہ کا بیان افسوسناک ہے کیونکہ یہ بھارت ہی تھا جو مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ لے کر گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ تنازع کے بارے میں اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کیلئے بھارتی حکام اپنی ذمہ داریوں سے پہلوتہی نہیں کرسکتے۔

ایک اور سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ پاکستان میں مقیم غیر قانونی غیر ملکیوں کے حوالے سے پاکستان کی تارکین وطن پالیسی محدود ہے اور افغان شہریت کارڈ کے حامل افراد کو ان کے ملک واپس بھیجنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔