Saturday, 27 July 2024, 02:00:37 pm
وزیراعظم کی 5 سال میں برآمدات دوگنا کرنے کیلئے لائحہ عمل تشکیل دینے کی ہدایت
April 02, 2024

وزیراعظم محمد شہبازشریف نے وزارت تجارت کو ہدایت کی ہے کہ آئندہ پانچ برسوں میں ملکی برآمدات دوگنا کرنے کیلئے لائحہ عمل وضع کیا جائے۔

منگل کے روز اسلام آباد میں برآمدی شعبے کی ترقی کے بارے میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے وزارت سے کہا کہ سرکردہ تاجروں اور دانشوروں سے مشاورت کے بعد لائحہ عمل جمع کرایا جائے۔

وزیراعظم نے یہ بھی ہدایت کی کہ ای کامرس کے شعبے میں برآمدکنندگان کو سہولت فراہم کرتے ہوئے ان کے مسائل حل کئے جائیں جو اپنی مصنوعات پاکستان میں بنا کر انہیں دنیا بھر میں برآمد کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے برآمدی شعبے کی صلاحیت کو زیادہ سے زیادہ بروئے کار لانے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔شہبازشریف نے متعلقہ حکام سے یہ بھی کہا کہ عالمی ویلیو چین کی برآمدی مصنوعات تیار کرنے والی صنعتوں کی ترقی کیلئے سفارشات جمع کرائی جائیں۔انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی، گھریلو اشیائ، ٹیکسٹائل اور دوسرے شعبوں کی برآمدات کے فروغ کیلئے برآمدی شعبے کے متعلقہ اداروں کو بھی اعتماد میں لینا چاہئے۔