Saturday, 27 July 2024, 04:51:28 am
پاکستان اقوام متحدہ تخفیف اسلحہ کمیشن اجلاس میں متفقہ طورپرکمیشن کا چیئرمین منتخب
April 02, 2024

پاکستان کو اقوام متحدہ کے تخفیف اسلحہ کمیشن کے اجلاس میں متفقہ طورپرکمیشن کا چیئرمین منتخب کرلیاگیاہے۔تخفیف اسلحہ کمیشن اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کاایک اہم ذیلی ادارہ ہونے کی حیثیت سے عالمی سطح پر قیام امن کے لئے ایٹمی ہتھیاروں میں کمی لانے سے متعلق سفارشات مرتب کرتاہے۔اقوام متحدہ میں پاکستان کے نائب مستقل مندوب عثمان جدون نے اس موقع پر اظہارخیال کرتے ہوئے پاکستان کی اخلاقی اورکثیرجہتی سفارتکاری کی روایت کو برقرار رکھنے اور عالمی ادارے کے ایک اہم ملک کے طورپر اپنا ذمہ دارانہ کردار جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔

دوسری جانب سفیر منیر اکرم نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے تخفیف اسلحہ کمیشن کے عمومی مباحثے میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیرمیں کشمیریوں کے بنیادی حقوق کو دبانے، دوبڑے ملکوں کی فوجوں کی آمنے سامنے تعیناتی، پاکستان کے خلاف دہشتگردوں کی پشت پناہی، بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کی خریداری اور مذاکرات کے تعطل کے باعث جنوبی ایشیا میں سلامتی کا ماحول بدستور غیر مستحکم ہے۔ انہوں نے تخفیف اسلحہ کے جامع پروگرام کے لئے پاکستان کی تجاویز سے آگاہ کیا۔