Thursday, 19 December 2024, 02:42:33 am
 
ریاستی اداروں کو آزادانہ کام کرنے دیا جائے تو قوم کو ثمرات ملتے ہیں،وزیراعظم
January 04, 2021

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کرپٹ حکمرانوں کا گذشتہ10 سالہ اقتدار ایک سیاہ دور تھا، ریاستی اداروں کو سیاسی مداخلت کے بغیر آزادانہ طور پر کام کرنے دیا جائے تو اس کے نتائج واضح طور پر نظر آتے ہیں۔۔

پیر کو اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم عمران خان نے بتایا کہ نیب نے سال 20۔2019 میں 389 ارب روپے کی ریکوریاں کیں جبکہ 2008 تا 2018 کے 10 سال کے دوران یہ ریکوریاں صرف 104 ارب روپے تھیں۔

وزیراعظم نے بتایا کہ پنجاب میں اینٹی کرپشن کے محکمہ نے 27 ماہ کے دوران 206 ارب روپے ریکور کئے جبکہ کرپٹ حکمرانوں کے 10 سالہ دور میں یہ ریکوری صرف 3ارب تھی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ان اعداد و شمار اور حقائق سے یہ بات واضح ہو جاتی ہے جب ریاستی ادارے سیاسی مداخلت کے بغیر آزادانہ طور پر کام کریں تو قوم کو اس کے ثمرات ملتے ہیں۔ ان اعداد و شمار سے یہ واضح ہو جاتا ہے کہ ملک میں ادارے آزادانہ طور پر کام کر رہے ہیں اور احتساب کا عمل جاری ہے۔