Saturday, 27 July 2024, 05:12:30 am
عالمی رہنماؤں کی شہبازشریف کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد
March 04, 2024

۔سعودی ولی عہد ، تاجکستان اورروس کے صدور اور ملائیشیا کے وزیراعظم سمیت عالمی رہنماؤں نے وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے پر شہبازشریف کو مبارک باد دی ہے۔

سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان نے پاکستان کے وزیراعظم کی حیثیت سے حلف اٹھانے پر شہبازشریف کو مبارکبادد ی ہے۔

انہوںنے کیبل کے ذریعے ایک پیغام میں وزیراعظم شہبازشریف کی کامیابی اور پاکستانی عوام کی تیز تر ترقی اور خوشحالی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ملائشین وزیراعظم انور ابراہیم نے فون پر اپنے ہم منصب شہبازشریف کو وزیراعظم کے عہدے کا حلف اٹھانے پر مبارکباد دی ہے۔

انور ابراہیم نے مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کیلئے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا جس پر وزیراعظم شہبازشریف نے ان کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں۔

انہوں نے ملائیشیا کے ساتھ پاکستان کے سفارتی اور تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔

انہوں نے ملائیشین وزیراعظم کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔

تاجکستان کے صدر امام علی رحمان نے بھی وزیراعظم شہبازشریف کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک مشترکہ کوششوں کے ذریعے دوطرفہ شراکت داری کوطویل عرصے کیلئے بڑھائیں گے اور وسعت دینگے ۔

انہوں نے تہنیتی پیغام میں کہاکہ تاجکستان اور پاکستان دوستی کی طویل روایات ، باہمی احترام اور اعتماد کے رشتے میں جڑے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان ان اچھی روایات پرمبنی کثیر جہتی تعاون مسلسل بڑھ رہا ہے ۔

پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے بھی وزیراعظم شہبازشریف کوعہدہ سنبھالنے پر مبارک باد دی ہے ۔

انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پراپنے پیغام میں کہاکہ ان کا ملک پاکستان کی حکومت اور عوام کے ساتھ باہمی مفادات کیلئے مل کر کام کرنے کوتیار ہے ۔

فلسطین کے صدر محمود عباس نے محمد شہبازشریف کو وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے پرمبارک باد دی ہے۔

انہوں نے اپنے پیغام میں وزیراعظم شہبازشریف اور عوام کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان اور فلسطین تاریخی اور مضبوط رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان نے فلسطین کے لوگوں کے حقوق اور انصاف کیلئے ہمیشہ آواز سربلند کی ہے۔

انہوں نے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے بھی دعا کی۔

روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے وزیر اعظم شہباز شریف کو پاکستان کے وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکبا دد ی۔

 سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر کی گئی ایک پوسٹ میں پاکستان میں روسی سفارتخانے نے کہا کہ صدر ولادی میر پیوٹن نے روس پاکستان کے تعلقات کی دوستانہ نوعیت کو اجاگر کیا۔

 انہوں نے شہباز شریف کو حکومت کے سربراہ کی حیثیت سے ہر قسم کی کامیابی کےلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔