Thursday, 19 December 2024, 06:13:19 am
 
صدر کا خواتین کوملکیتی حقوق،جائیداد کا قبضہ دیکربااختیار بنانے کی ضرورت پرزور
September 08, 2021

صدرڈاکٹر عارف علوی نے خواتین کو ملکیتی حقوق اور جائیداد کا قبضہ دے کر انہیں بااختیار بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

آج(بدھ) اسلام آباد میں خواتین کے جائیداد کے حقوق پر عملدرآمد کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام نے خواتین کو ملکیتی حقوق دیئے ہیں مگر بدقسمتی سے ملک کے کچھ علاقوں میں ان کو ان حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے۔اجلاس کو خواتین کے ملکیتی حقوق کے قانون کے نفاذ کے بارے میں آگاہ کیا گیا جو وفاقی حکومت نے سال دوہزار بیس میں پنجاب حکومت نے دوہزار اکیس میں اور خیبرپختونخوا کی حکومت نے دوہزار انیس میں منظور کیا تھا۔صدر نے امیدظاہر کی کہ ان قوانین کا نفاذ خواتین کو بااختیاربنائے گا اور انہیں مالی خودمختاری دے گا۔ انہوں نے خواتین کے ملکیتی حقوق اور جائیداد کے قبضے کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ان قوانین کے نفاذ کیلئے وفاقی اور صوبائی محتسب کے اداروں کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔اجلاس میں خواتین کے ملکیتی حقوق کے تحفظ میں محتسب کے کردار کے حوالے سے ذرائع ابلاغ کیساتھ ساتھ علماء کے ذریعے لوگوں میں ایک آگاہی مہم شروع کرنے کی ضرورت کو بھی اجاگر کیاگیا۔