Saturday, 27 July 2024, 08:16:02 am
وزیراعظم کا بشکیک میں پاکستانی طلباء کودرپیش صورتحال پرتشویش کا اظہار
May 18, 2024

وزیراعظم شہبازشریف نے بشکیک میں پاکستانی طلباء کو درپیش صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

سوشل میڈیا ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم آفس بشکیک میں پاکستانی سفارتخانے کے ساتھ رابطے میں ہے اور صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے۔

انہوں نے پاکستانی سفیر کو طلباء کے لئے ہر ممکن ضروری امداد اور تعاون فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

وزیر اعظم شہباز کی کرغزستان میں پاکستانی سفیر سے ٹیلیفونک گفتگو

وزیر اعظم شہباز شریف نے کرغزستان میں پاکستانی سفیر حسن علی ضیغم سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور انہیں کرغزستان کی موجودہ صورتحال میں پاکستانی طلبا کو ہر قسم کی مدد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے سفیر کو ہاسٹلز کا دورہ کرنے اور طلبا سے ملاقات کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے سفیر سے کہا کہ وہ طلبا کے والدین سے مسلسل رابطے میں رہیں اور انہیں بروقت معلومات فراہم کریں۔

وزیراعظم نے سفارتخانے کو زخمی طلبا کو طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ ان زخمی طلبا کے لیے فوری انتظامات کیے جائیں جو پاکستان واپس جانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس حوالے سے اخراجات برداشت کرے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ وہ کرغزستان کی صورتحال پر ذاتی طور پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پاکستانی طلبا کو اس صورتحال میں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور حکومت کرغزستان کی حکومت کے ساتھ بھی رابطے میں ہے۔

سفیر نے وزیراعظم کو صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ واقعے میں کوئی پاکستانی جاں بحق نہیں ہوا اور سفارت خانہ زخمی طلبا کی مدد کر رہا ہے۔

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ پاکستان نے پاکستانی طلبا کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کرغیز حکام سے رابطہ قائم کیا ہے۔

ایکس ہینڈل پر ایک پوسٹ میں، انہوں نے کہا کہ کرغزستان میں سفیر کو پاکستانی طلبا کو مکمل سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے ایکس ہینڈل پر ایک پوسٹ میں کہا کہ پاکستانی سفیر اور ان کی ٹیم نے طلبا اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور ان ان کو درکار تمام معلومات فراہم کی جارہی

ہیں ۔

کرغزستان میں پاکستانی سفارتخانے نے دارالحکومت بشکیک میں طلباء کے ہاسٹلز کے باہر مشتعل ہجوم کے مظاہروں کے دوران پاکستانی طلبہ کو باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی ہے۔

بشکیک میں پاکستان کے سفیر حسن ضیغم نے سوشل میڈیا پر اپنی ایک پوسٹ میں اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ سفارتخانہ پاکستانی طلباء کی حفاظت یقینی بنانے کے لئے قانون نافذ کرنے والے مقامی حکام

کے ساتھ رابطے میں ہے۔

پاکستانی سفیر نے کہا کہ طلباء کسی بھی ہنگامی صورت میں ہیلپ لائن نمبرز996550730550+996501140874+996555554476 اور996507567667پر رابطہ کرسکتے ہیں۔

ادھروزارت خارجہ نے نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ محمد اسحق ڈار کی ہدایت پر اپنے ہنگامی انتظامی یونٹ کو فعال کردیا ہے ۔

جمہوریہ کرغزستان میں مقیم پاکستانی باشندے اوران کے خاندان یونٹ کے ان نمبروں  پر رابطہ کرسکتے ہیں۔

051-9203108 اور 0519203094

ہنگامی انتظامی یونٹ سے بذریعہ ای میل cmu1@mofa.gov.pk پر بھی رابطہ کیاجاسکتا ہے ۔