Saturday, 27 July 2024, 11:46:51 am
یو این جی اے کا اجلاس بنیادی عالمی مسائل پر پاکستان کا نقطہ نظر پیش کرنے میں مدد کریگا: منیر اکرم
September 18, 2023

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندے منیر اکرم نے کہا کہ  یو این جی اے کا 78 واں اجلاس مسئلہ کشمیر، افغان بحران، اسلامو فوبیا، مشرق وسطیٰ کی کشیدگی، ماحولیات اور معیشت سمیت بنیادی عالمی مسائل پر پاکستان کو اپنا نقطہ نظر پیش کرنے میں مدد دے گا۔

پی ٹی وی کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں، انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی سائیڈ لائنز پر ہونے والی مختلف کانفرنسیں جن میں پائیدار ترقی کے اہداف کی سربراہی کانفرنس، موسمیاتی ایمبیشن سمٹ اور وبائی امراض کی روک تھام، یونیورسل ہیلتھ کوریج اور تپ دق پر ہیلتھ سمٹ شامل ہیں، ان بنیادی مسائل کے حل کے لیے فائدہ مند ثابت ہوں گی۔

سفیر نے کہا کہ یہ دنیا کی تاریخ کا نازک وقت ہے کیونکہ ایشیا میں بڑی طاقتوں کے درمیان تناؤ میں اضافہ ہوا ہے اور کووڈ اور موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے ایشیائی ریاستوں کی معاشی صورتحال ابتر ہوئی ہے۔