Thursday, 19 December 2024, 07:14:35 am
 
تارکین وطن کاعالمی دن آج منایا جا رہا ہے
December 18, 2024

تارکین وطن کا عالمی دن آج منایا جا رہا ہے تاکہ بین الاقوامی نقل مکانی کے چیلنجز اور مشکلات کے بارے میں شعور اجاگر کیا جا سکے۔

اس سال کے دن کا موضوع ہے ''تارکین وطن کی شراکت اور ان کے حقوق کا احترام''

اس موقع پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ حکومت سمندر پار پاکستانیوں کو بااختیار بنانے، سہولتیں فراہم کرنے اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے اسپیشل کورٹ اوورسیز پاکستانیز پراپرٹی ایکٹ 2024 منظور کیا ہے تاکہ بروقت انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے اور سمندر پار پاکستانیوں کے حقوق کا تحفظ کیا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تارکین وطن کا خیرمقدم کرنے والا میزبان رہا ہے جبکہ دنیا بھر میں بڑی تعداد میں مقیم پاکستانیوں پر فخر ہے۔

شہباز شریف نے تارکین وطن کے جائز حقوق کی وکالت کرنے، استحصال کے خاتمے اور ایک ایسا ماحول بنانے کے عزم کا اعادہ کیا جہاں ہجرت ایک روشن مستقبل کے حصول کے لیے مواقع اور ترقی کی علامت بن جائے۔