Wednesday, 15 May 2024, 11:40:19 pm
وزیراعظم کاپاکستان سے پولیوکے خاتمے کاعزم،بل گیٹس کی تعاون کی یقین دہانی
January 21, 2022

وزیراعظم عمران خان نے اس عزم کااعادہ کیاہے کہ پاکستان سے پولیو کاخاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔بل اینڈملینڈاگیٹس فائونڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس کے ساتھ ٹیلی فون پرتبادلہ خیال کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ کوروناوباء سے متعلقہ چیلنجوں کے باوجود ملک بھرمیں پولیو کے خاتمے کی مہم کو تیز کرنے کے لئے کوششیں جاری ہیں۔وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان نے پچھلے سال پولیوکیسزمیں تیزی سے کمی کی طرف مثبت پیشرفت جاری رکھی ہے اورپورے سال کے دوران پولیو کاصرف ایک کیس سامنے آیا۔کوروناویکسین تک مساوی رسائی کے فروغ کے لئے گیٹس فائونڈیشن کی بھرپور کوششوں کو سراہتے ہوئے انہوں نے کوروناویکسین کی مساوی ،بروقت اوربڑے پیمانے پرفراہمی کی اہمیت پر زور دیا تاکہ وباء کے سماجی اوراقتصادی اثرات کے خاتمے کے لئے کم آمدنی والے ملکوں کی مدد کی جاسکے۔بل گیٹس نے پولیو کے خاتمے کے لئے پاکستان کی طرف سے کی گئی حالیہ کوششوں کو سراہا اور پولیو کے خاتمے کے لئے اپنا عزم دہرایا۔انہوں نے کوروناویکسین لگوانے کی پاکستان کی کامیاب مہم کو سراہا اور فائونڈیشن کی طرف سے تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔