Saturday, 27 July 2024, 08:50:08 am
صدر، وزیراعظم کا دہشت گردی کی لعنت کو مکمل طور پر ختم کرنے کے عزم کا اظہار
May 15, 2024

صدر آصف علی زرداری نے ژوب کے علاقے سمبازا میں کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کی تعریف کی ہے۔ انہوں نے آج (بدھ) ایک بیان میں فرض کی بجاآوری میں جان قربان کرنے والے شہید میجربابر خان کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے شہید کی بہادری اور حب الوطنی کو بھی سراہا اور سوگوار خاندان سے تعزیت کی۔ آصف علی زرداری نے پاکستان سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔انہوں نے یہ بات میجربابر خان کی شہادت پر ایک بیان میں انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہی۔ میجر بابر خان بلوچستان کے ضلع ژوب کے علاقے سمبازا میں دہشت گردوں کے ساتھ جوانمردی سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے تھے۔ شہباز شریف نے کہا کہ انہیں اور پوری قوم کو ہمارے بہادر فوجیوں کی قربانیوں پر فخر ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاک فوج کے جوانوں نے مثالی جرأت اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔شہباز شریف نے کہا کہ پاک فوج کے جوانوں اور افسروں نے ملک کی سلامتی اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔وزیر اعظم نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید میجر بابر خان کے درجات بلندکرے اور ان کے اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔