وفاقی وزراء نے سعودی عرب کے بارے میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی کی اہلیہ کے بیان پر افسوس ظاہر کیا ہے۔
آج(جمعہ کو) اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ یہ بیان پاکستان تحریک انصاف کی سیاست کو بچانے کے لئے دیا گیا انہوں نے کہا کہ یہ بیان مذہب کی توہین کے بھی مترادف ہے اور ان کے مذہبی اور سیاسی دیوالیہ پن کی عکاسی کرتا ہے۔
وزیر دفاع نے سعودی عرب سے پاکستان کے لئے اربوں ڈالر کی ترسیلات زر کو اُجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب مشکل کی ہرگھڑی میں پاکستان کے شانہ بشانہ رہاہے۔
ادھر امور کشمیر کے وفاقی وزیر امیر مقام نے ایک پریس ریلیز میں کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی کی اہلیہ نے پاکستان کے دوستوں پر جھوٹے الزامات لگائے جو پی ٹی آئی کا پرانا حربہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی کی اہلیہ نے بیرون ملک پاکستانیوں کو بے روزگار کرنے کی سازش کی۔