پنجاب دھی رانی پروگرام کے تحت ضلع میانوالی میں دوسرے مرحلہ میں 53 مستحق جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کی تقریب منعقد کی گئی۔ پنجاب کے وزیر برائے سماجی بہبود سہیل شوکت بٹ مہمان خصوصی تھے۔ اس موقع پر نئے جوڑوں کے رشتہ داروں سمیت مسلم لیگ ن کے ضلعی صدر سابق ایم پی اے ملک فیروز جوئیہ ، ضلعی انتظامیہ اور محکمہ سماجی بہبود کے افسران اور مسلم لیگ ن کے عہدیدار اور کارکن بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ نے نئےجوڑوں کو مبارکباد پیش کی اور ہر جوڑے کو حکومت پنجاب کی طرف سے دو لاکھ 22 ہزار روپے کے اے ٹی ایم کارڈ بطور سلامی اور جہیز کا سامان خریدنے کے لیے پیش کیے۔ تقریب کے اختتام پر ریڈیو پاکستان سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ کا کہنا تھا کہ دھی رانی پروگرام پنجاب کا ایک تاریخ ساز منصوبہ ہے جس کی وجہ سے ہزاروں غریب والدین کے خواب پورے ہو رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت گھر بنانے کے ساتھ گھر بسائے گی بھی۔