وزیرخزانہ محمداورنگزیب نے واشنگٹن ڈی سی میں اپنے سعودی ہم منصب محمدالجادان سے ملاقات کی۔
انہوں نے پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری کاخیرمقدم کیا اوراس شعبے میں اصلاحات کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔
دریں اثناء وزیرخزانہ محمداورنگزیب نے چین کے وزیرخزانہ Lan Fo an کے ساتھ ملاقات کی۔
انہوں نے پانڈا بانڈ کے بارے میں پیشرفت سے آگاہ کیا اوراس کے اجراء کے عمل کو تیز کرنے کیلئے چین سے تعاون کی درخواست کی۔
وزیرخزانہ نے واشنگٹن ڈی سی میں گیٹس فائونڈیشن کے صدرگلوبل پالیسی اینڈ Gargee Gosh سے ملاقات کی۔
وزیرخزانہ نے گیٹس فائونڈیشن کی پاکستان میں پولیو کے خاتمے کی کوششوں، ماں اوربچے کی صحت اورغذائیت کے اقدامات کے لئے مسلسل تعاون کی تعریف کی۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت برائے مالیاتی امور محمد بن ہادی الحسینی سے واشنگٹن ڈی سی میں آئی ایم ایف ورلڈ بینک کے اجلاسوں کے موقع پر ملاقات کی۔
اس موقع پر وزیرخزانہ نے بات چیت کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات کے اپنے ہم منصب کو پاکستان کے اقتصادی اشاریوں، فچ کی جانب سے مالیاتی درجہ بندی میں بہتری اور حکومت کے نجکاری ایجنڈے کے بارے میں آگاہ کیا۔
انہوں نے متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کاروں کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع میں گہری دلچسپی کو سراہا اور دونوں ملکوں کے درمیان مفاہمت کی یادداشتوں کو معاہدوں میں تبدیل کرنے کی اہمیت پرزوردیا۔
دریں اثناء وزیرخزانہ نے Menap وزراء اورسنٹرل بینک گورنر ز کے اجلاس سے بھی خطاب کیا۔
انہوں نے ادارہ جاتی ،صلاحیت سازی اورنجی شعبہ کی قیادت میں نموکے ذریعے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے عالمی بینک کے ایجنڈے کے لئے آئی ایم ایف کی تکنیکی معاونت حاصل کرنے میں پاکستان کی دلچسپی کااظہارکیا۔
دریں اثناء وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے واشنگٹن میں ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے صدرJin Liqun سے بھی ملاقات کی اور بینک کے ساتھ تعاون کی موجودہ رفتار میں تسلسل کے بارے میں پاکستان کی خواہش سے آگاہ کیا۔
وزیر خزانہ نے ایشین اسفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کی طرف سے پاکستان کی سماجی، معاشی ترقی کیلئے دیرینہ تعاون پر اُس کا شکریہ ادا کیا۔