Saturday, 27 July 2024, 08:50:11 am
سی پیک دوسرے مرحلے کے متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے، احسن اقبال
May 24, 2024

منصوبہ بندی اور ترقی کے وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری سے دونوں ملکوں کے درمیان زراعت، صنعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سائنس سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھے گا۔

انہوں نے یہ بات جمعہ کے روز اسلام آباد میں چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کی تیرہویں مشترکہ تعاون کمیٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ سی پیک خطے خصوصاً پاکستان کے لئے ایک خطہ ایک شاہراہ کے اہم منصوبے کے طور پر ایک بڑی قوت بن گیا ہے۔

قومی ترقی اور اصلاحات کمیشن کے نائب چیئرمین Li Chunlin نے مشترکہ طور پر اجلاس کی صدارت کی اور سی پیک سے گہری وابستگی پر وزیر منصوبہ بندی کی تعریف کی۔

وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ چین اور پاکستان کے حکام سی پیک کے حوالے سے درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے تفصیلی بات چیت کرینگے۔

انہوں نے کہا کہ دوسرے مرحلے میں مختلف شعبوں میں کئی منصوبوںپر کام جاری ہے جن میں توانائی، تعلیم اور ماحول کے شعبے بھی شامل ہیں۔احسن اقبال نے کہا کہ گوادر بندرگاہ جدید خطوط پر تعمیر جاری ہے جبکہ ایم ایل ون منصوبہ دو مراحل میں مکمل ہو گا۔