Sunday, 08 September 2024, 04:48:04 am
 
وزیر اعظم کا ای سی او کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ
July 25, 2024
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اقتصادی تعاون تنظیم کے رکن ملکوں کے درمیان بین العلاقائی تجارت کو فروغ دینے میں اقتصادی تعاون تنظیم کی حمایت جاری رکھنے کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔وہ اقتصادی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل KHUSRAV NOZIRI سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے آج اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اقتصادی تعاون تنظیم کے اصلاحاتی ایجنڈے کیلئے اپنی حمایت جاری رکھے گا۔انہوں نے 2017 میں اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس کے دوران اس وقت کے وزیراعظم محمد نواز شریف کے ذریعے طے پانے والے ای سی او وژن 2025 کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے اسے ای سی او کیلئے اہم دستاویز قرار دیا۔وزیراعظم نے ای سی او کو خطے کے ملکوں کے درمیان تعاون بڑھانے کیلئے علاقائی پلیٹ فارم کے طور پر فروغ دینے کیلئے سیکرٹری جنرل کی کاوشوں اور کردار کو سراہا اور مستقبل کے مقاصد کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کو فخر ہے کہ پاکستان کے سابق سیکرٹری خارجہ ڈاکٹر اسد مجید خان اقتصادی تعاون تنظیم کے نئے سیکرٹری جنرل ہوں گے۔