Sunday, 27 April 2025, 06:23:07 pm
 
پانی کا رخ موڑنے کی کسی بھی بھارتی کوشش کا پوری طاقت سے جواب دیا جائیگا،وزیراعظم
April 26, 2025

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان ایک ذمہ دار ملک کی حیثیت سے واقعہ پہلگام کی کسی بھی غیر جانبدارانہ، شفاف اور معتبر تحقیقات میں شامل ہونے کیلئے تیار ہے۔

انہوں نے کاکول میں پاکستان ملٹری اکیڈمی کے کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے واقعہ پہلگام کے تناظر میں ٹھوس شواہد کے بغیر بے بنیاد الزامات لگائے ہیں اور الزام تراشی کے اس سلسلے کو بند ہونا چاہئے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پانی کو پاکستان کے قومی مفاد میں مقدم حیثیت حاصل ہے اور چوبیس کروڑ عوام کی اس سے زندگیاں وابستہ ہیں اس کی دستیابی ہر قیمت پر یقینی بنائی جائے گی۔

وزیراعظم نے سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کے بھارتی اعلان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کے تحت پاکستان سے متعلق دریاؤں کا پانی روکنے، اسے کم کرنے یا اس کا رخ موڑنے کی کسی بھی کوشش کا پوری قوت سے جواب دیا جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہماری بہادر مسلح افواج ملکی علاقائی یکجہتی اور سا لمیت کا دفاع کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں جیسا چھبیس فروری 2019 کو بھارت کے غیر ذمہ دارانہ حملے پر اسے منہ توڑ جواب دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے چوبیس کروڑ عوام متحد ہو کر اپنی بہادر مسلح افواج کے ساتھ کھڑے ہیں اور وطن کے چپے چپے کی حفاظت کیلئے پُرعزم ہے۔

وزیراعظم نے کہا امن ہماری ترجیح ہے لیکن اسے ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنے وقار اور پیارے وطن کی سلامتی پر ہرگز کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ مسئلہ ہے جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے باوجود حل طلب ہے۔ انہوں نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت جاری رکھنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان معیشت کی بحالی کیلئے جرات مندانہ اقدامات کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا ہماری کوششیں بار آور ہو رہی ہیں اور کان کنی، توانائی، زراعت، لائیو سٹاک، آئی ٹی اور دفاعی پیداوار جیسے اہم شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری راغب کرنے میں اہم سنگ میل عبور کئے گئے ہیں۔

اس سے پہلے وزیراعظم نے بہترین کیڈٹس میں ایوارڈ تقسیم کئے۔

بری فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر نے بھی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں شرکت کی۔