امور داخلہ کے وزیر مملکت طلال چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت کی طرف سے کسی مہم جوئی کی صورت میں پاکستان کے بھرپور جواب کو تاریخ میں یاد رکھاجائے گا ۔
انہوں نے ایک ویڈیو پیغام میں کہاکہ بھارت کے فالس فلیگ آپریشن نے اسے بے نقاب کردیا ہے اور اب پوری دنیا حقیقت سے آشنا ہوچکی ہے ۔
انہوں نے کہاکہ پہلگام کے واقعے کے بعد بھارت نے مسلمانوں کے گھروں کو گرانا اور پہلے سے لاپتہ کشمیریوں کو جعلی مقابلوں میں قتل کرنا شروع کردیا ہے ۔
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے ماضی کا ذکرکرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہاکہ ان کی پوری سیاست مسلم دشمنی اور مذہبی انتہاپسندی پرمبنی رہی ہے ۔
انہوں نے کہاکہ دوقومی نظریے کا ہرلفظ وقت گزرنے کے ساتھ درست ثابت ہورہا ہے کیونکہ بھارت میں مودی دور حکومت میں مسلمانوں کو دبایا اورانھیں نشانہ بنایا جارہا ہے ۔
طلال چوہدری نے پاکستان کے الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کے ذمہ دارانہ رویے اور موثر اور طاقتور رپورٹنگ کی تعریف کی کیونکہ وہ اصل حقائق کو منظر عام پر لارہے ہیں اور بھارتی میڈیا کے بیانیے کو شکست دے رہے ہیں ۔