Sunday, 27 April 2025, 06:24:42 pm
 
پاکستان اپنے آبی حقوق کا ہر قیمت پر دفاع کرے گا،وزیراعظم
April 27, 2025

وزیراعظم شہبازشریف نے پاکستان کے حقوق کا بھرپور طریقے سے دفاع کرنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنا ناقابل قبول ہے۔

ایران کے صدر مسعود پیزشکیان سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کا پہلگام حملے سے بالواسطہ یا بلاواسطہ کوئی تعلق نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پہلگام کے واقعہ کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کیلئے تیار ہے۔

پہلگام واقعے کے بعد بھارت کی اشتعال انگیز کارروائیوں پر پاکستان کے مؤقف کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہشمند ہے اور اگر ایران اس حوالے سے کوئی کردار ادا کرنا چاہتا ہے تو اس کا خیرمقدم کیا جائے گا۔

بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر کے معاملے پر وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان ہمیشہ کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔