Saturday, 27 July 2024, 06:01:08 am
پشاور،سکیورٹی فورسزکی کارروائی،5دہشتگردہلاک،3زخمی
May 26, 2024

پشاور کے علاقہ حسن خیل میں آج (اتوار)خفیہ اطلاع پر کی گئی کارروائی میں پانچ دہشت گرد ہلاک جب کہ ایک افسر سمیت دو فوجی اہلکار شہید ہو گئے ہیں۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق یہ کارروائی دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی جس میں پاک فوج کے دستوں نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں گھیرا، اور تین دہشت گردوں کو زخمی بھی کیا۔

تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے میں دستے کی قیادت کرنے والے کیپٹن حسین جہانگیر اور حوالدار شفیق اللہ نے جام شہادت نوش کیا۔

علاقے میں مزید کسی ممکنہ دہشت گرد کے خاتمے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔

پاکستان کی افواج ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔