Sunday, 08 September 2024, 09:33:07 am
 
وزیراعظم کا عالمی برادری سے اسرائیل کے محاسبے کا مطالبہ
July 27, 2024

وزیراعظم شہباز شریف نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ اسرائیل کو اس کے جنگی جرائم کا ذمہ دار قرار دے اور اسے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔

ایک بیان میں انہوں نے خان یونس سے ڈیڑھ لاکھ سے زیادہ افراد کو بے گھر کئے جانے پر تشویش کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ خان یونس کے محاصرے کے نتیجے میں خوراک اور دوسری ضروریات زندگی کی علاقے میں فراہمی بند ہو گئی ہے۔

وزیراعظم نے اقوام متحدہ سمیت بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داری پوری کرے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اپنے فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔

انہوں نے مطالبہ دہرایا کہ فلسطینی صورتحال سے متعلق بین الاقوامی عدالت انصاف کے حالیہ فیصلوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کیا جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے اب تک پاک فضایہ کے چھ طیاروں کے ذریعے بارہ سو ٹن اور تین بحری جہازوں کے ذریعے پندرہ سو ٹن انسانی امداد فلسطین بھیجی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے میڈیکل کالجوں میں فلسطین طلبہ کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں تاکہ وہ اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں۔