پاکستان نے مختلف شعبوں میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری راغب کرنے کیلئے کویت کے ساتھ سات معاہدوں اورتین مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے ہیں۔
ان معاہدوں پر دستخط نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ اور کویت کے اول نائب وزیراعظم اوروزیردفاع شیخ طلال الخالد الاحمد الصباح کے درمیان آج کویت سٹی میں ہونے والے مذاکرات کے بعد کیے گئے ۔
ان معاہدوں کا تعلق تحفظ خوراک،زراعت، پن بجلی، فراہمی آب، معدنیات کی صنعت کیلئے کان کنی کے فنڈکے قیام ، ٹیکنالوجی زونز کی ترقی اور ساحلی علاقوں پر جنگلات کے تحفظ کے شعبوں سے ہے ۔
ثقافت ، فن ، ماحولیات اورپائیدار ترقی کے شعبوں میں تین مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے ۔وزیراعظم نے کویت کے ساتھ معاہدوں کو ملک میں سرمایہ کاری لانے کیلئے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایک اور کامیابی قراردیا۔دونوں رہنمائوں نے باہمی تعلقات کی پیشرفت پر اطمینان ظاہر کرتے ہوئے پاک کویت تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے قریبی تعاون کے تحت ٹھوس اقدامات کرنے پر اتفاق کیا۔انہوں نے دونوں برادر ملکوں کے درمیان تاریخی تعلقات کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے ان برادرانہ تعلقات کو باہمی طورپر مفید اقتصادی شراکت داری میں بدلنے کی خواہش کا اعادہ کیا۔بری فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیربھی اس ملاقات میں موجود تھے۔