انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی مواصلات کی وزیر شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ فائیو جی سپیکٹرم کی نیلامی کا عمل کامیابی سے مکمل کرلیا گیا ہے۔
وہ پی ٹی اے کے چیئرمین حفیظ الرحمن اور ٹیلی مواصلات کی صنعت کے نمائندوں کے ہمراہ اسلام آباد میں ایک نیوزکانفرنس سے خطاب کررہی تھیں۔
انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزیر نے کہا کہ چار سو اسی میگاہرٹز سپیکٹرم کی شفاف نیلامی سے اکیاون کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ فائیو جی سپیکٹرم کی نیلامی ڈیجیٹل ترقی کی جانب ایک نمایاں قدم ہے جس سے پاکستان کو ایک ڈیجیٹل ملک بنانے میں مدد ملے گی۔
شزہ فاطمہ خواجہ نے مزید کہا کہ آئندہ چند ہفتوں میں فائیو جی کا آزمائشی منصوبہ ملک کے بڑے شہروں میں شروع کیا جائے گا اور چھ سے آٹھ ہفتوں میں وفاقی دارالحکومت سمیت چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں فائیو جی کی خدمات مکمل طور پر دستیاب ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ صنعت اور صارفین دونوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے نیلامی کا عمل ترتیب دیا گیا۔