Saturday, 18 April 2026, 04:47:19 am
 
طالبان رجیم کی نااہلی، افغانستان میں پولیو کیسز میں اضافہ
April 15, 2026

طالبان رجیم کی ہٹ دھرمی اور نااہلی نے افغان بچوں کو تاحیات معذوری کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے جبکہ افغانستان میں پولیو کیسز میں اضافہ ہونے لگا ہے۔

طالبان رجیم کی لاپروائی کے باعث خطے میں اس موذی وبا کے پھیلنے کا خدشہ بھی بڑھ گیا ہے جس پر عالمی اداروں نے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔

افغان میڈیا خامہ پریس کے مطابق یونیسف نے افغانستان میں پولیو کے پھیلاؤ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انسداد پولیو مہم تیز کرنے پر زور دیا ہے۔ یونیسف کے مطابق افغانستان میں پانچ سال سے کم عمر ہر بچے کے لیے پولیو ویکسی نیشن انتہائی ضروری ہے۔

یونیسف نے نشاندہی کی کہ افغانستان میں صحت کے اداروں کو بدامنی، سکیورٹی مسائل اور دور دراز علاقوں تک رسائی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

ماہرین کے مطابق طالبان کی سخت گیر پالیسیوں کی وجہ سے انسداد پولیو مہم ناکام ہو رہی ہے اور صحت عامہ کے مسائل دن بہ دن سنگین ہوتے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ پولیو مہم جیسے حساس انسانی مسئلے کو بھی طالبان رجیم نے اپنی سیاسی انا اور شدت پسندانہ نظریات کی بھینٹ چڑھا دیا ہے۔