Sunday, 19 April 2026, 05:51:31 am
 
پاکستانی عازمین حج کوسعودی عرب لے جانے کیلئے پروازوں کا آغاز
April 18, 2026

  پاکستانی عازمین حج کو سعودی عرب لے جانے کیلئے قبل از حج پروازوں کا آج سے آغاز ہوگیا ہے۔

آج صبح کراچی سے 155پاکستانی عازمین حج کو لے کر روانہ ہونے والی پہلی حج پرواز مدینہ منورہ پہنچ گئی ہے۔

مدینہ آمد پر پاکستانی حج حکام کی جانب سے عازمین حج کا پھولوں اور تحائف کے ساتھ پرتپاک استقبال کیا گیا۔

عازمین نے پاکستان حج مشن کی جانب سے کئے گئے بہترین انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مدینہ منورہ میں تمام سہولیات منظم اور قابل ستائش ہیں۔

ادھر تین سو پینتالیس عازمین حج کو لیکر ایک اور پرواز آج لاہور سے روانہ ہوئی۔

مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کے وفاقی وزیرسردار محمدیوسف نے آج لاہور ائیرپورٹ پر روڈ ٹو مکہ منصوبے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال پچانوے ہزار سے زائد پاکستانی عازمین اس پراجیکٹ سے مستفید ہوںگے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ تمام عازمین حج کو سعودی سم کارڈ مفت فراہم کیا جائیگا تاکہ وہ پاکستان میں اپنے اہلخانہ سے رابطے میں رہ سکیں۔

انہوں نے کہا کہ چوبیس ہزار عازمین حج مکہ اور مدینہ کے درمیان ٹرین کے ذریعے تیز رفتار اور آرام دہ سفر سے مستفید ہوںگے۔