Monday, 29 April 2024, 11:43:55 pm

مزید خبریں

 
حریت کانفرنس کی بھارتی فورسز کی جانب سے چھاپوں،گرفتاریوں کی نئی لہر کی مذمت
April 07, 2024

بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی پارلیمانی انتخابات سے قبل بھارتی فورسز کی طرف سے چھاپوں اور گرفتاریوں کی نئی لہر کی شدید مذمت کی ہے۔

حریت کانفرنس کے ترجمان عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں ایک بیان میں وادی کشمیر اور جموں میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوں کے دوران مکینوں کو انتقامی کاروائیوں کا نشانہ بنانے پر گہری تشویش ظاہر کی ہے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل، اسلامی تعاون تنظیم ،ایمنسٹی انٹرنیشنل، ہیومن رائٹس واچ اور دیگر عالمی اداروں سے اپیل کی کہ وہ انسانی حقوق کی سنگین صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے اپنی تحقیقاتی ٹیمیں علاقے میں بھیجیں۔

حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارتی فورسز کی دہشت گردی کشمیریوں کے حق خودارادیت کو ہرگز دبا نہیں سکتی۔بیان میں کہا گیا کہ بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کو مکمل طور پر ایک چھائونی میں تبدیل کر دیا ہے۔ادھر قابض انتظامیہ کی طرف سے سخت پابندیوں کے باوجود شب قدر پورے مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منائی گئی ۔حکام نے سرینگر کی تاریخی جامع مسجد سیل کر دی تھی اورمسجد کے باہر بڑی تعداد میں بھارتی فوج کی نفری تعینات کر دی گئی۔