Thursday, 18 April 2024, 06:40:04 am
بھارتی ہٹ دھرمی نے پورے جنوبی ایشیا کے امن کو خطرے میں ڈال دیاہے، حریت کانفرنس
March 11, 2023

بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ تنازعہ کشمیر پر بھارت کی ہٹ دھرمی نے پورے جنوبی ایشیا کے امن کو خطرے میں ڈال دیاہے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں مقبوضہ جموں وکشمیر کے ہندوتوا لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے اس بے بنیاد دعوے کی شدید مذمت کی کہ آزاد کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پورا جموں و کشمیر اقوام متحدہ کیطرف سے تسلیم شدہ ایک متنازعہ علاقہ ہے جس کے مستقبل کا فیصلہ کشمیری عوام کو عالمی ادارہ کی نگرانی میں رائے شماری کے ذریعے کرنا ہے۔ حریت ترجمان نے کہا کہ بھارتی رہنماؤں کے ایسے دعوے تاریخی حقائق اور جموں و کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو ہرگز تبدیل نہیں کرسکتے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ تنازعہ کشمیر کو کشمیریوں کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حل کرانے کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالے۔ادھر قابض بھارتی انتظامیہ کی طر ف سے مقبوضہ علاقے میں پراپرٹی ٹیکس کے نفاذ کے خلاف آج جموں میں مکمل ہڑتال کی گئی۔ ہڑتال کی کال'' چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز جموں ''نے دی تھی۔مقبوضہ علاقے میں دکانیں اور کاروباری مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں پر ٹریفک کی آمدورفت محدود رہی۔ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے ہڑتال کی وجہ سے تمام عدالتوں میں کام معطل رکھا۔